بلاک چین کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتی ہے؟
چونکہ زیادہ سے زیادہ لوگ آن لائن ٹریڈرز (خصوصاً کرپٹو کرنسی ٹریڈرز) کی صفوں میں شامل ہو رہے ہیں، لہٰذا یہ سوال کہ بلاک چین کیا ہے یہ ٹریڈنگ کمیونٹی میں سب سے زیادہ مقبول سوالات میں سے ایک بن گیا ہے۔ اس بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے، یہ حیرت انگیز بات نہیں ہے کہ بلاک چین ٹیکنالوجی ایک نئی اختراع ہے جو اس وقت عام عوام میں بہت زیادہ مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ تو بلاک چین کیسے کام کرتی ہے؟ ہمیں اس کی ضرورت کیوں ہے؟ اور کیا ہم اسے ٹریڈنگ کے علاوہ کہیں اور بھی استعمال کر سکتے ہیں؟ اس آرٹیکل میں، آپ کو ان سوالات کے جوابات ملیں گے۔
بلاک چین کیا ہے؟
سب سے پہلے، آئیں یہ وضاحت کرتے ہیں کہ بلاک چین دراصل ہے کیا۔ بلاک چین نسبتاً ایک نئی ٹیکنالوجی ہے جو معلومات کو ایک ایسے ڈیٹا بیس میں ریکارڈ کرتی ہے جو صارفین کے نیٹ ورک، یا پیئر ٹو پیئر نیٹ ورک کے درمیان مشترکہ ہوتا ہے۔ زیر بحث معلومات عام طور پر مالیاتی ٹرانزیکشنز سے متعلق ہوتی ہیں، جیسے مخصوص اثاثہ جات کی خرید و فروخت۔
ایک لحاظ سے، بلاک چین ڈیجیٹل اکاؤنٹنگ لیجر کی طرح کام کرتی ہے۔ تاہم، جو چیز اسے دوسرے ڈیٹا بیسز اور اسٹوریج سسٹمز سے منفرد بناتی ہے وہ یہ ہے کہ بلاک چین میں، ڈیٹا کو ایک جگہ پر نہیں رکھا جاتا۔ اس کے بجائے، اسے کاپی کیا جاتا ہے اور بلاک چین پر مشتمل کمپیوٹر سسٹمز کے پورے نیٹ ورک میں تقسیم کر دیا جاتا ہے۔
اس طرح کے غیر مرکزی سسٹم کی وجہ سے، کوئی بھی ایسا ایڈمنسٹریٹر یا مینیجر موجود نہیں ہے جسے پوری بلاک چین پر کنٹرول حاصل ہے۔ اس چین میں شامل ہر شرکت کنندہ لیجر تک رسائی حاصل کر سکتا ہے اور اسے اپ ڈیٹ کر سکتا ہے۔ وہ کسی قسم کے ثبوت چھوڑے بغیر، پہلے سے درج شدہ ڈیٹا کو بیک وقت تبدیل نہیں کر سکتے یا اسے حذف نہیں کر سکتے۔ یہ سسٹم منقسم لیجر ٹیکنالوجی (DLT) کہلاتا ہے، جو بلاک چین کو بے جا مداخلت اور خلل اندازی سے بچاتا ہے۔
بلاک چینز کیسے کام کرتی ہیں؟
بلاک چین ٹیکنالوجی کا خیال کافی آسان لگتا ہے، لیکن یہ اصل میں کیسے انجام دیا جاتا ہے؟
جیسا کہ نام سے پتہ چلتا ہے، بلاک چین نام نہاد 'بلاکس' پر مشتمل ہیں، جو بلاک چین نیٹ ورک کی بنیاد بناتے ہیں۔ یہ بلاکس ڈیٹا ڈھانچے ہیں جو دو نوڈز (مشارکت کاروں) کے درمیان ہونے والے مالیاتی لین دین کے بارے میں معلومات ریکارڈ کرتے ہیں۔ ہر ریکارڈ میں بیچنے والے اور خریدار کے بارے میں معلومات، فروخت شدہ اثاثہ، لین دین کا وقت اور شرائط وغیرہ شامل ہوسکتی ہیں۔
ایک بار جب بلاک بھر جاتا ہے تو، ڈیٹا خفیہ ہوجاتا ہے۔ ہر بلاک ایک عمل سے گزرتا ہے جسے 'ہیشنگ' کہا جاتا ہے، جو بلاک پر ریکارڈ کردہ اعداد و شمار کو منفرد حروفی سلسلے — "ہیش" میں تبدیل کرتا ہے۔ یہ فنکشن ہیش سے خفیہ شدہ ڈیٹا کی دوبارہ تشکیل کو ناممکن بنادیتا ہے ، جس کا مطلب ہے کہ لین دین کے ریکارڈ کو غیر شناخت شدہ تبدیل کرنا عملی طور پر ناممکن ہے۔
ایک مکمل طور پر تشکیل شدہ بلاک پھر پچھلے بلاک کے ساتھ جڑتا ہے، جس سے لین دین کے اعداد و شمار کی ایک لمبی چَین بنتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو "بلاک چین" کہا جاتا ہے۔ ہر بلاک میں پچھلے بلاک کا ہیش بھی شامل ہوتا ہے،جو اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ بلاک چین میں بلاکس کی ترتیب آپس میں نہیں ملے گی۔
کیا بلاک چین محفوظ ہے؟
اپنی غیر مرکزیت اور نہایت خفیہ نوعیت کی وجہ سے، بلاک چین ٹیکنالوجی کو نہایت محفوظ ڈیٹا سٹوریج کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ریکارڈ شدہ ٹرانزیکشنز کے حوالے سے معلومات کو محفوظ کرنے کے لیے، بلاک چینز سخت حفاظتی اقدامات استعمال کرتی ہیں۔
جب کسی ٹرانزیکشن کا بلاک چین میں اندراج کیا جاتا ہے، تو سسٹم لازمی طور پر پہلے اس کی درستگی کی تصدیق کرے۔ یہ ایک کمپیوٹر نیٹ ورک پر ٹرانزیکشن کو تقسیم کر کے سرانجام دیا جاتا ہے تاکہ اس بات کا تعین کرنے کے لیے ٹرانزیکشن سے وابستہ تمام پیرامیٹرز کو چیک کیا جا سکے کہ آیا یہ درست ہے یا نہیں۔ اگر ٹرانزیکشن کی درستگی کی تصدیق ہو جاتی ہے، تو اسے دیگر ٹرانزیکشنز کے ساتھ بلاک میں ریکارڈ کر دیا جاتا ہے۔ بلاک چین ٹیکنالوجی اس طرح غیر مستند یافتہ معلومات کو فلٹر کرتی ہے۔
جیسا کہ ہم پہلے ہی جانتے ہیں، ہیشنگ فنکشن غیر مجاز رسائی سے ڈیٹا کی حفاظت کرتا ہے اور بلاکس کی درست ترتیب کو یقینی بنانے میں مدد کرتا ہے۔ مرموز کردہ معلومات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے، صارفین پر لازم ہے کہ سلسلہ حروف کو ڈیکرپٹ کرنے کے لیے ایک خفیہ کلید کا استعمال کریں۔ کچھ بلاک چینز کو معلومات کو ڈیکرپٹ کرنے کے لیے دو کلیدوں — عوامی اور نجی — کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس صورت میں، ہر کلید خفیہ کاری کے عمل اور ڈیٹا کو علیحدہ طور پر ڈیکرپٹ کرنے کے لیے ذمہ دار ہے، جس سے بلاک چین اور بھی زیادہ محفوظ اور غیر متغیر ہوتی ہے۔
نجی بلاک چین اور عوامی بلاک چین کے مابین کیا فرق ہے؟
اگرچہ ہم سیکیورٹی کے حوالے سے بات کر رہے ہیں، تو آئیں دریافت کرتے ہیں کہ نجی بلاک چینز اور عوامی بلاک چینز مکمل طور پر ایک دوسرے سے کس طرح مختلف ہیں۔
عوامی بلاک چین ایک اصلی ٹیکنالوجی ہے جو اس کے خالق، ساتوشی ناکاموتو نے متعارف کروائی ہے۔ عوامی بلاک چین میں DLT کی تمام مخصوص خصوصیات موجود ہوتی ہیں: غیر مرکزیت، شفافیت، سیکیورٹی، اور تصدیق کے طریقے۔ یہ ہر اس شخص کے لیے دستیاب ہوتی ہے جو سائن ان کرتا ہے اور منقسم لیجر کا ممبر بن جاتا ہے کیونکہ عوامی بلاک چین میں جتنے زیادہ نوڈز ہوتے ہیں، وہ اتنی ہی زیادہ محفوظ ہوتی ہے۔
تاہم، عوامی بلاک چینز ٹرانزیکشنز کی توثیق کرنے کے لیے کافی مقدار میں انرجی استعمال کرنے کے حوالے سے ناپسندیدہ خیال کی جاتی ہیں۔ وہ کسی کی رازداری کی حفاظت کرنے میں کم مؤثر ثابت ہوئی ہیں کیونکہ ٹرانزیکشن کے ریکارڈز عوامی سطح پر قابلِ رسائی ہوتے ہیں۔
دوسری طرف، نجی بلاک چینز صرف ان صارفین کے لیے دستیاب ہوتی ہیں جنہیں دعوت نامے موصول ہوتے ہیں۔ انہیں اپنی شناخت ظاہر کرنے اور اس کی تصدیق کے لیے ایک متعلقہ ID فراہم کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ صرف نجی بلاک چین کے مالک لیجر کو تبدیل کر سکتے ہیں، نیز ریکارڈز میں ترمیم کر سکتے ہیں یا انہیں حذف کر سکتے ہیں۔ تصدیق کا عمل اسمارٹ معاہدات یا دیگر مشین پر مبنی طریقوں کے ذریعے خود کار طور پر کیا جاتا ہے اور نوڈز کی محدود تعداد کی وجہ سے بہت زیادہ تیز ہوتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی نجی کاروباروں یا کسی تنظیم کے اندر استعمال کی جا سکتی ہے۔
پھر بھی، آپ کے خیال کے برعکس، نجی بلاک چینز کم تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ چونکہ نجی بلاک چین میں کم ترین شرکاء شامل ہوتے ہیں، اس لیے سسٹم کی خلاف ورزی کرنا اور مرموز کردہ ڈیٹا کو ہیک کرنا نہایت آسان ہوتا ہے۔ نیز، یہ بہت زیادہ مرکزیت کی حامل ہوتی ہے اور اس میں گمنامی کا فقدان ہوتا ہے، جس کی وضاحت اس کے استعمال کی نوعیت کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔
عوامی اور نجی بلاک چینز کے مابین بہت سے امتیازات ہوتے ہیں۔ اگرچہ ان کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، مگر پھر بھی اس بارے میں فہم حاصل کرنا ضروری ہے کہ ان کے کمزور نکات کیا ہیں نیز غیر مجاز افراد کو ان کا استحصال کرنے سے کیسے روکا جائے۔
بٹ کوائن اور بلاک چین
اگرچہ ان دونوں اصطلاحات کو عموماً یکساں سیاق و سباق میں ایک ساتھ استعمال کا جاتا ہے، تاہم کرپٹو ٹریڈنگ سے ناواقف لوگ اس حوالے سے کج فہمی کا شکار ہوتے ہیں کہ درحقیقت بٹ کوائن اور بلاک چین آپس میں کس طرح منسلک ہوتے ہیں۔
بٹ کوائن دنیا کی معروف ترین کرپٹو کرنسی ہے۔ اس کی مجموعی مارکیٹ کی مالیت 1$ ٹریلین سے تجاوز کر گئی ہے اور مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ اس بات کے پیشِ نظر کہ بٹ کوائن کا تصور ابتدائی طور پر تقریباً 15 سال پہلے متعارف کروایا گیا تھا، تو اس لحاظ سے یہ بات نہایت متاثر کُن ہے۔
2008 میں، ایک گمنام پروگرامر ساتوشی ناکاموتو نے ایک “بٹ کوائن: پیئر ٹو پیئر الیکٹرانک کیش سسٹم، نامی مقالہ شائع کروایا تھا۔” اس مقالے میں، انہوں نے پہلی مرتبہ بلاک چین کے تصور کو فریق ثالث (مالیاتی اداروں) کی شمولیت کے بغیر الیکٹرانک ٹرانزیکشنز کے لیے ایک محفوظ سسٹم کے طور پر متعارف کروایا تھا۔ ناکاموتو نے بلاک چین کو کرپٹو کرنسیز کے لیے بنیادی ٹیکنالوجی کے طور پر استعمال کرنے کی تجویز پیش کی۔ اور کچھ عرصے بعد، جنوری 2009 میں، ناکاموتو نے بالآخر دنیا کی پہلی کرپٹو کرنسی، بٹ کوائن کا آغاز کیا۔
مختصراً، بٹ کوائن ایک کرپٹو کرنسی ہے جس کا پروٹوکول ایک بلاک چین پر بنایا گیا ہے، یہ ایک منقسم لیجر ٹیکنالوجی ہے جو درمیانی اشخاص کے بغیر کام کرتی ہے اور ٹرانزیکشنز کی حفاظت کو یقینی بناتی ہے۔
اس وقت کتنی بلاک چینز دستیاب ہیں؟
15 سالوں میں، کرپٹوکرنسیز اور بلاک چینز کی تعداد آسمان کو چھونے لگی ہے۔ حالیہ طور پر، تقریباً 23,000 کرپٹو کرنسیز موجود ہیں۔ تاہم، ان میں سے بہت کم کے پاس علیحدہ (مقامی) بلاک چین موجود ہے۔ فعال بلاک چینز کی تخمینہ شدہ کُل تعداد 1,000 سے زیادہ ہے۔ سب سے بڑے بلاک چینز کی فہرست میں بٹ کوائن، Ethereum، NEO، Waves وغیرہ شامل ہیں۔
بلاک چین بمقابلہ بینکس: کیا بہتر ہے؟
دو فریقین کے درمیان مالیاتی ٹرانزیکشنز سے درمیانی اشخاص کو علیحدہ کرنا بلاک چین ٹیکنالوجی کے بنیادی افعال میں سے ایک ہے۔ فطری طور پر، اس کا مطلب یہ ہے کہ بینکس اور بلاک چین کے کام کرنے کے طریقہ کار میں کئی امتیازات موجود ہیں۔
بینکس بطور ٹرانزیکشنز کے سہولت کار
دستیابی۔ عام طور پر، بینکس اور دیگر مالیاتی ادارے معمول کے مطابق 9 سے 5 کام کے شیڈول پر عمل کرتے ہیں، جن میں سے اکثر ہفتے کے اختتامی دنوں اور تعطیلات کے دوران بند ہوتے ہیں۔ لہٰذا آپ کی ٹرانزیکشن پر کارروائی ہونے میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
فیسیں۔ بینک فعال اکاؤنٹس یا کارڈز کے لیے اپنے کلائنٹس سے فیسیں وصول کرتے ہیں۔ دوسرے لوگوں کو بھی رقم ٹرانسفر کرنے میں رقم خرچ ہوتی ہے۔ یہ بنیادی طور پر بین الاقوامی وائر ٹرانسفرز سے متعلق ہے، جس کی لاگت 50$ تک یا اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔
سیکیورٹی۔ جہاں تک سیکیورٹی کا تعلق ہے، بینکس اور ان کے کلائنٹس دونوں کلائنٹس کے فنڈز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہیں۔ اگر کوئی کلائنٹ اپنے اکاؤنٹ کی حفاظت کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں ناکام رہتا ہے (مضبوط پاس ورڈز سیٹ کرنا، دوسرے لوگوں کو اپنے کارڈز تک رسائی فراہم نہ کرنا، وغیرہ)، تو بینکس اس کے اکاؤنٹ کے غیر مجاز استعمال کو روکنے سے قاصر ہوتے ہیں۔
رازداری۔ بینک میں اکاؤنٹ کھولنے کے لیے، آپ پر لازم ہے کہ اپنا ID، فون نمبر، پتہ، اور دیگر ذاتی ڈیٹا فراہم کریں۔ آپ کے بینک اکاؤنٹ کی معلومات سے متعلق ہر چیز بینک کے نجی سرورز میں اسٹور ہوتی ہے۔ آپ کی خفیہ اور بینک کے حوالے سے معلومات محفوظ رہیں گی بشرطیکہ بینک کے سرورز کی سخت ترین حفاظت کی جائے۔ بصورتِ دیگر، آپ کا ڈیٹا خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ چونکہ بینکس آپ کے ذاتی ڈیٹا سے واقف ہوتے ہیں، اس لیے آپ کی حکومت آپ کے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر سکتی ہے اور حتیٰ کہ آپ کے فنڈز کو بھی مکمل طور پر ضبط کر سکتی ہے۔
بلاک چین بطور ٹرانزیکشن لیجر
دستیابی۔ بلاک چین کسی بھی اتھارٹی کے زیرِ انتظام نہیں ہے اور کام کے معیاری شیڈولز کی تعمیل نہیں کرتی۔ اسی وجہ سے، بلاک چین سارا سال 24/7 دستیاب رہتی ہے۔
فیسیں۔ ٹرانزیکشن پر کارروائی کرنے کے لیے، بلاک چین کے صارفین کے لیے بھی فیسوں کی ادائیگی کرنا لازمی ہے۔ عام طور پر، یہ فیسیں مقرر نہیں ہوتی ہیں، اور آپ سے وصول کی جانے والی رقم کا انحصار مختلف عوامل مثلاً ٹرانزیکشن کے تصدیقی عمل کی ترجیح کردہ رفتار، ڈیٹا کے یونٹس جو آپ کی ٹرانزیکشن بلاک چین پر استعمال کرتی ہے، وغیرہ پر ہوتا ہے۔ بطور صارف، آپ یہ بھی منتخب کر سکتے ہیں کہ آپ کتنی رقم ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن اگر آپ کی پیشکش بہت کم ہے، تو آپ کی ٹرانزیکشن پر کارروائی اور تصدیق ہونے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔
سیکیورٹی۔ جیسا کہ ہم پہلے ہی جانتے ہیں، کہ بلاک چینز بہت زیادہ محفوظ ہوتی ہیں اور انہیں ہیک کرنا عملی طور پر ناممکن ہوتا ہے۔ تاہم، اپنے سسٹم میں موجود نوڈز کی ایک بڑی تعداد کی حامل بڑی بلاک چینز چھوٹی بلاک چینز کی نسبت زیادہ محفوظ ہوتی ہیں۔
رازداری۔ بلاک چینز اپنے صارفین کی شناخت جاننے میں نہایت لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ آپ اپنا ذاتی ڈیٹا داخل کیے بغیر انہیں گمنام طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔ اس صورت میں، کوئی بھی آپ کی ٹرانزیکشن کا سراغ نہیں لگا سکتا یا آپ کا اکاؤنٹ ضبط نہیں کر سکتا۔
جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، بلاک چین ٹیکنالوجی بینکس کے نہایت اہم مسائل کو حل کرتی ہے۔ اگرچہ بلاک چینز کے بھی نقصانات ہوتے ہیں، لیکن وہ پہلے سے رائج بینکنگ سسٹم کا ایک مستحکم متبادل پیش کرتی ہیں۔
بلاک چین کے فوائد اور نقصانات
آئیے بلاک چین کے فوائد کو مختصراً بیان کریں اور دریافت کریں کہ اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے وقت آپ کو کن مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فوائد |
نقصانات |
کارکردگی۔ بلاک چین ٹیکنالوجی ٹرانزیکشن کے ریکارڈز کو اسٹور کرنے اور ان کی مرموز کاری کرنے کے لیے ایک اچھی طرح سے قائم کردہ اور مؤثر الگورتھم کی پیروی کرتی ہے۔ |
لاگت۔ کچھ بلاک چینز مہنگی ہو سکتی ہیں، اس لیے آپ کو اپنی ٹرانزیکشن پر تیز ترین کارروائی کرنے کے لیے زیادہ فیس ادا کرنے کی ضرورت ہو گی۔ |
سیکیورٹی۔ غیر مرکزیت کی وجہ سے بلاک چین ریکارڈز میں ہیرا پھیری کرنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے۔ |
رفتار۔ اگر کسی بلاک چین کو اہم سرگرمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو اسے آپ کی ٹرانزیکشن کو ریکارڈ کرنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔ |
گمنامی۔ اگر آپ گمنام طور پر بلاک چینز استعمال کرتے ہیں، تو آپ کی ٹرانزیکشن ہسٹری آپ کو واپس نہیں مل سکتی۔ |
دستورالعمل۔ پابندیوں کے وضع کردہ قوانین کی وجہ سے بلاک چینز کو ہر جگہ قبول نہیں کیا جاتا۔ |
اچھا متبادل۔ بلاک چینز بینکس اور دیگر مالیاتی اداروں کے لیے ایک بہترین متبادل ہیں۔ |
ساکھ۔ گمنامی کی وجہ سے غیر قانونی ٹرانزیکشنز کو سہولت فراہم کے لیے بلاک چین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ |
درستگی۔ بلاک چینز انسانی شمولیت کے بغیر کام کرتی ہیں، اس لیے غلطیاں ہونے کے امکانات کم ہوتے ہیں۔ |
جیسا کہ آپ دیکھ سکتے ہیں، کہ بلاک چینز کے فوائد اور نقصانات کافی اہمیت کے حامل ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے سے قبل فوائد اور نقصانات دونوں کو مدنظر رکھنا بہتر ہو گا۔
بلاک چینز کو کیسے استعمال کرتے ہیں؟
اگرچہ بلاک چینز کو استعمال کرنے کا سب سے نمایاں اور مشہور ترین طریقہ کرپٹو کرنسی ہے، تاہم اس منفرد ٹیکنالوجی نے متعدد مختلف شعبوں میں استعمال کے طریقے دریافت کیے ہیں۔ آئیں دوسرے شعبوں پر نظر ڈالتے ہیں جہاں آپ بلاک چینز استعمال کر سکتے ہیں۔
کرپٹو کرنسی
معیاری قومی کرنسیز کی نسبت، کرپٹو کرنسیز کی قدر کسی ایک ادارے، جیسے مرکزی بینکس سے منسلک نہیں ہوتی۔ بہت سے ایسے عوامل جو عمومی کرنسیز کی قدر کو متاثر کرتے ہیں (معاشی مشکلات، جیو پولیٹکل واقعات، غیر مستحکم حکومتیں) بلاک چین کی غیر مرکزیت کی حامل نوعیت کی بدولت، کرپٹو کرنسیز پر یکساں طور پر اثر انداز نہیں ہوتے۔ اس کی وجہ سے، بہت سے سرمایہ کار انہیں محفوظ سرمایہ کاری پر مبنی اثاثے سمجھتے ہیں اور طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے کرپٹو کرنسیز کا انتخاب کرتے ہیں۔
اسمارٹ معاہدات
بلاک چین کو نام نہاد اسمارٹ معاہدات بنانے اور انجام دینے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اسمارٹ معاہدات وہ معاہدے ہوتے ہیں جو تمام شرائط پوری ہونے کے بعد خود کار طور پر عمل درآمد ہیں۔ یہ ٹیکنالوجی اکثر اوقات خود کار کرپٹو ٹریڈنگ میں استعمال ہوتی ہے تاکہ تیزی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈیٹا کی حفاظت
حکومتی ایجنسیز، نگہداشتِ صحت کے فراہم کاران، اور دوسرے ادارے جو حساس معلومات پر کارروائی کرتے ہیں وہ اپنے صارفین کے ذاتی ڈیٹا کو اسٹور کرنے کے لیے بلاک چینز استعمال کر سکتے ہیں۔ اسے بلاک چین میں تحریر کر کے اور اس کی مرموز کاری کر کے، ذاتی ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی کو روکنا اور معلومات کی رازداری کو یقینی بنانا ممکن ہے۔
ریکارڈ رکھنا
ٹرانزیکشن کے ریکارڈز ہی محض وہ ریکارڈز نہیں ہیں جو بلاک چین پر اسٹور کیے جا سکتے ہیں۔ رہائشی دستاویزات، معاہدے، انتظامی دستاویزات، اور دیگر کاغذات جنہیں دوسری صورت میں بیوروکریٹک مشین میں گم ہو جانے کا خطرہ لاحق ہو گا، انہیں بلاک چین میں رکھا جا سکتا ہے۔ یہ دستاویزات کو غیر مجاز مداخلت سے بچا سکتا ہے جبکہ مختصر مدت میں مکمل ریکارڈز تلاش کرنا آسان بنا سکتا ہے۔
انتخابات
بلاک چین کو ووٹنگ سسٹم میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔ منقسم لیجر ٹیکنالوجی انتخابی دھاندلی کو روکتے ہوئے، نتائج کی تبدیلی ناممکن بناتی ہے۔ یہ ووٹرز کے لیے بھی زیادہ آسان ہو گا کیونکہ اگر ان کے پاس انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے تو وہ کہیں سے بھی اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں۔
خلاصہ
بلاک چین ٹیکنالوجی جنگل کی آگ کی طرح پورے انٹرنیٹ کا احاطہ کر چکی ہے۔ اپنی موافقت کی وجہ سے، اس نے مختلف قسم کے شعبوں میں استعمال کے متعدد طریقے تلاش کیے ہیں جبکہ بینکنگ سسٹم کے لیے ایک معقول متبادل کے طور پر بھی کام کر رہی ہے۔
حالیہ طور پر، بلاک چینز بنیادی طور پر کرپٹو کرنسی ٹریڈنگ کے لیے استعمال ہوتی ہیں، لیکن ہم توقع کر سکتے ہیں کہ یہ شفاف اور محفوظ ٹیکنالوجی جلد ہی ہماری روزمرہ کی زندگی کا ایک باقاعدہ حصہ بن جائے گی۔