اوور ٹریڈنگ سے کیسے بچیں
فاریکس میں، جب ٹریڈرز اپنی حکمت عملی کو چھوڑ کر کرنسی کی حد سے زیادہ خرید و فروخت شروع کر دیتے ہیں، تو وہ ‘اوور ٹریڈنگ’ کر رہے ہوتے ہیں۔ چونکہ یہ اکثر اوقات اس وقت پیش آتی ہے جب ٹریڈرز اپنے جذبات پر قابو کھو بیٹھتے ہیں اور دانشمندانہ فیصلے کرنے سے قاصر ہوتے ہیں اس لیے اوور ٹریڈنگ خطرناک ہوتی ہے۔ یہ خصوصاً ان غیر پیشہ ور ٹریڈرز کے لیے خطرناک ہے جنہوں نے ابھی تک اپنی حدود کا تعین کرنا نہیں سیکھا۔
اس آرٹیکل میں ہم اس حالت کی بنیادی وجوہات، فاریکس میں اوور ٹریڈنگ کی علامات اور خطرات اور اس سے بچنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اہم نکات
- اوور ٹریڈنگ وہ غلطی ہے جو ٹریڈرز اس وقت کرتے ہیں جب وہ اپنی حد تک پہنچنے کے باوجود، عموماً ہارنے کے ایک سلسلے کے بعد بھی ٹریڈ کرنا جاری رکھتے ہیں۔
- اوور ٹریڈنگ خطرناک ہے کیونکہ ٹریڈرز اس کے باعث اپنے نقصانات بڑھا سکتے ہیں اور ٹرانزیکشن کی لاگتوں میں اضافہ کر سکتے ہیں، جو ممکنہ طور پر ان کے اکاؤنٹ کو ختم کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔
- ٹریڈرز ٹریڈنگ سے متعلق ایک سخت منصوبہ تخلیق کر کے، رسک مینجمنٹ پر مبنی حکمت عملی تیار کر کے، اور اپنے جذبات پر قابو پا کر اوور ٹریڈنگ سے بچ سکتے ہیں۔
فاریکس اوور ٹریڈنگ کیا ہے؟
اوور ٹریڈنگ عموماً اس وقت پیش آتی ہے جب فاریکس ٹریڈرز ناکام ٹریڈز کے ایک سلسلے کے بعد پریشانی میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ وہ زیادہ سے زیادہ پوزیشنز اوپن کر کے اپنے نقصانات کی تلافی کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ہر پوزیشن کا سائز اور حجم پہلی والی کی نسبت زیادہ بڑا ہوتا ہے۔
یہ بنیادی طور پر اپنے منافع بخش اہداف حاصل کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ تاہم اپنی کامیابی کے امکانات کو بڑھانے کے لیے زیادہ سے زیادہ پوزیشنز اوپن کرنے کی خواہش ٹریڈرز کے لیے دانشمندانہ فیصلے کرنا مشکل بنا دیتی ہے، جس کے نتیجے میں ٹریڈز میں مزید نقصان ہوتا ہے۔
اوور ٹریڈنگ کی علامتیں کیا ہیں؟
اوور ٹریڈنگ کی کچھ مخصوص علامات ہیں جن سے تمام ٹریڈرز کو باخبر رہنا چاہیئے۔
- معمول سے زیادہ ٹریڈز اوپن کرنا۔ مختلف ٹریڈرز کے ٹریڈنگ کے حوالے سے مختلف انداز اور اہداف ہوتے ہیں۔ تاہم، اگر آپ کی ٹریڈنگ کی معیاری مدت تقریباً 30 بند کردہ ٹریڈز کے ساتھ اختتام پذیر ہو جاتی ہے اور آپ خود کو یک دم 100 کے قریب پاتے ہیں، تو آپ یقینی طور پر اوور ٹریڈنگ کر رہے ہیں۔
- پچھتاوا محسوس کرنا۔ اگر آپ نقصان زدہ ٹریڈ کو بند کرتے ہیں اور اس کو کھولنے کے اپنے فیصلے پر پچھتاوا محسوس کرتے ہیں، تو امکان ہے کہ آپ اوور ٹریڈنگ کر رہے ہیں اور اپنے سابقہ نقصانات کی تلافی کرنے کے کوشش کر رہے ہیں۔
- مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ پر نظر جمانا۔ آپ خود کو چارٹس کو دیکھتے ہوئے یہ سوچتے ہوئے محسوس کر سکتے ہیں، کہ آپ کو متعدد مواقع میسر ہیں اور آپ ان سب کو آزمانے اور استعمال کرنے کے خواہشمند ہیں۔ تاہم مارکیٹ ہمیشہ ہماری توقعات کے مطابق نہیں چلتی۔ لہٰذا مناسب تحقیق کیے بغیر کسی چیز کو آزمانا اور استعمال کرنا انتہائی غیر دانشمندانہ حرکت ہے، چاہے یہ ایک اچھا موقع ہی کیوں نہ ہو۔
- اپنی حکمت عملی سے انحراف کرنا۔ جب مارکیٹ کے حالات اس کا مطالبہ کرتے ہوں تو اس وقت اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرنا ایک بات ہے۔ اگر آپ اپنے منافع میں اضافہ کرنے کی غرض سے ایسا کرنا چاہتے ہیں تو یہ ایک الگ بات ہے۔ اپنے ابتدائی منصوبے سے دستبردار ہو کر نامعقول فیصلوں کو ترجیح دینا ایک بہت بڑی غلطی ہے جو کوئی ٹریڈر کر سکتا ہے۔
اوور ٹریڈنگ کے خطرات
اوور ٹریڈنگ کرنا ایک بہت ہی خطرناک غلطی ہے، خصوصاً ایک ناتجربہ کار ٹریڈر کے لیے جس نے ابھی تک ٹریڈنگ پر مبنی مناسب حکمت عملی اور منصوبہ تیار نہیں کیا ہے۔
جب ٹریڈرز مارکیٹ پر نظر رکھتے ہوئے ایک ساتھ بہت ساری پوزیشنز ٹریڈ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو ان کی توجہ منقسم ہو جاتی ہے، اور وہ اپنی ٹریڈز کو بند کرنے کا درست موقع گنوا دیتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی کافی زیادہ رقم خرچ ہوتی ہے۔
یہ خصوصاً ان ٹریڈرز کے لیے خطرناک ہے جو زیادہ لیوریج کا استعمال کرتے ہیں، جو ان کے نقصانات کو بڑھانے اور حتی کہ ان کے اکاؤنٹس کو مکمل طور پر ختم کروانے کا سبب بن سکتا ہے۔
علاوہ ازیں، جب آپ بہت زیادہ ٹریڈز کرتے ہیں، تو آپ کو اسپریڈ اور کمیشنز کی ادائیگی کرنی پڑتی ہے۔ یہ لاگتیں بھی جمع ہو جاتی ہیں اور درحقیقت اوور ٹریڈنگ کے نتیجے میں آپ کو حاصل ہونے والے ممکنہ منافع سے بھی زیادہ ہو سکتی ہیں۔
فاریکس اوور ٹریڈنگ سے کیسے بچا جائے؟
اب جبکہ ہم جانتے ہیں کہ اوور ٹریڈنگ کس حد تک خطرناک ہے، تو اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس سے بچنے کے طریقے سیکھیں۔
ٹریڈنگ کا منصوبہ تیار کریں
اوور ٹریڈنگ سے بچنے کے لیے سب سے بنیادی چیز جو آپ کر سکتے ہیں وہ ٹریڈنگ کا منصوبہ وضع کرنا ہے۔ ٹریڈنگ کے منصوبے کے بغیر، خود کو قابو میں رکھنا ممکن نہیں ہے۔ اس میں داخلے اور اخراج کے کچھ اصول، ایک معینہ مدت کے دوران آپ کی جانب سے کی جانے والی ٹریڈز کی ممکنہ تعداد اور خطرے کے خلاف حفاظتی اقدامات شامل ہونے چاہیئں۔ تاہم منافع بخش اہداف کو ٹریڈنگ کے منصوبے کی جگہ استعمال نہ کریں، ورنہ آپ خود کو ناکامی کے لیے تیار کر رہے ہوں گے۔
رسک مینجمنٹ کی اچھی حکمت عملی تیار کریں
کوئی ٹریڈر رسک مینجمنٹ کے مناسب منصوبے کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتا۔ رسک مینجمنٹ میں وہ اصول اور گائیڈ لائنز شامل ہیں جنہیں آپ ناکام ٹریڈز پر ہونے والے اپنے نقصانات کو کم کرنے کے لیے تشکیل دیتے ہیں۔ یہ عمل اس رقم کا حساب لگاتے ہوئے جسے آپ بآسانی کھونے کے متحمل ہو سکتے ہیں اور اپنے خطرے-انعام کا تناسب، اپنی ٹریڈز کے لیے قیمت کے اہداف سیٹ کرنے، اور اسٹاپ اور لمٹ آرڈرز متعین کر کے انجام دیا جا سکتا ہے۔
ممکنہ ٹریڈز کو ترتیب دینے کے لیے ٹریڈنگ ٹولز استعمال کریں
متعدد ٹریڈنگ ٹولز اور پروگرامز (مثلاً، موونگ ایوریجز) دستیاب ہیں جو آپ کی موجودہ ٹریڈنگ کی حکمت عملی کے لیے بہترین ٹریڈز کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ ان کو استعمال کرنے سے آپ کو ایسے مواقع ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے جو آپ کی ٹریڈنگ کی حکمت عملی کے مطابق نہیں ہیں اور آپ کو توجہ کھونے اور اوور ٹریڈنگ موڈ میں سوئچ کرنے سے بچاتے ہیں۔
کچھ دیر کا وقفہ لیں
متعدد ٹریڈرز اپنی ناکام ٹریڈز کی تلافی کرنے کے لیے اوور ٹریڈنگ شروع کر دیتے ہیں، جو محض ان کے نقصان کے سلسلے کا دورانیہ بڑھاتا ہے۔ لہٰذا اگر آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ جذبات آپ پر حاوی ہو رہے ہیں اور واضح طور پر سوچنے سے قاصر ہیں، تو ایسے میں ٹریڈنگ سے وقفہ لینا بہتر ہو گا۔ ٹریڈنگ میں، کامیابی سائیکلیکل ہوتی ہے، اور کچھ وقت بعد بالآخر آپ ٹریک پر واپس آ جائیں گے۔ درست وقت پر رکنے سے آپ کو بہت سی توانائی اور پیسہ بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
مارکیٹ پر قابو پانے کی کوشش نہ کریں
متعدد ٹریڈرز اس غلط فہمی کا شکار ہیں کہ وہ مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ پر قابو پا سکتے ہیں۔ مگر یہ بالکل درست نہیں ہے۔ بعض اوقات، مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، تاہم بہت سی صورتوں میں یہ مکمل طور پر غیر متوقع ہوتے ہیں۔ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنی ٹریڈز اوپن کرتے ہیں، یہ آپ کے منافع حاصل کرنے کے امکانات کو بہتر نہیں بناتا۔ جتنی جلدی آپ اس آسان سی حقیقت کو قبول کریں گے، اوور ٹریڈنگ سے بچنا اتنا ہی آسان ہو جائے گا۔
فاریکس میں اوور ٹریڈنگ: خلاصہ
اوور ٹریڈنگ فاریکس ٹریڈرز کی جانب سے کی جانے والی سب سے عام غلطیوں میں سے ایک ہے۔ یہ اس وجہ سے ہوتا ہے کیونکہ ان میں نظم و ضبط اور اس فہم کی کمی ہے کہ مارکیٹ حقیقتاً کیسے کام کرتی ہے۔ اوور ٹریڈنگ سے بچنے کے لیے ٹریڈرز کو اپنی موجودہ ٹریڈز پر توجہ مرتکز رکھنی چاہیئے، ٹریڈنگ کا منصوبہ تیار کرنا چاہیئے، نیز قبول کرنا چاہیئے کہ نقصان ٹریڈنگ کا ایک حصہ ہے۔